اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن مگر بہادر، باوقار اور مضبوط قوم ہے جسے کوئی بھی جارح طاقت نہ تو ڈرا سکتی ہے اور نہ ہی زیر کر سکتی ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ معرکہِ حق پاکستان کے عزم، قربانی اور دشمن کے خلاف تاریخی کامیابی کی علامت ہے جبکہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذ پر بھرپور جواب دے کر دنیا کو پاکستان کی دفاعی طاقت کا واضح پیغام دیا۔ ان کے مطابق بھارت کو اپنی برتری کے غرور کا حقیقت پسندانہ جواب مل چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی خودمختاری یا سرحدی سالمیت کے خلاف کسی بھی کوشش کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے معرکہِ حق کے دوران شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔