اسلام آباد: اداکارہ ماہرہ خان نے برطانوی پاکستانی اداکار رض احمد کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کر دی، جس کے بعد دونوں فنکاروں کے ممکنہ اشتراک پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب رض احمد نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کے ایک انٹرویو میں ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کے امکان پر مثبت ردعمل دیا۔ پروگرام کے میزبان ہارون رشید نے ان سے سوال کیا:
“آپ نے اب تک ماہرہ خان کے ساتھ کوئی پروجیکٹ کیوں نہیں کیا؟ میرا خیال ہے آپ دونوں ایک ساتھ بہت اچھے لگیں گے۔”
جس پر رض احمد نے جواب دیا:
“میں تیار ہوں، میں یہاں ہوں، آئیے اسے حقیقت بناتے ہیں۔”
رض احمد کے اس جواب نے سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کی اور پاکستان و برطانیہ میں مداحوں کے درمیان جوش و خروش پیدا کر دیا۔ بعد ازاں ماہرہ خان نے بھی انسٹاگرام پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا:
“میں بھی تیار ہوں!”
ماہرہ کے اس مختصر مگر دلچسپ جواب کے بعد دونوں اداکاروں کے مشترکہ پروجیکٹ کی قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں، اگرچہ اب تک کسی باضابطہ منصوبے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ماہرہ خان پاکستان کی معروف فلم اور ٹی وی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور وی جے کیا اور 2011 میں شعیب منصور کی فلم “بول” سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ اسی سال ڈرامہ “ہمسفر” میں ان کی اداکاری نے انہیں بے حد شہرت دلائی اور انہیں لکس اسٹائل ایوارڈ بھی ملا۔
انہوں نے بعد ازاں “شہرِ ذات”، “صدقے تمہارے” اور “بن روئے” جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ فلمی دنیا میں بھی “بن روئے”، “ہو من جہاں”، “ورنہ”، “سپر اسٹار” اور “دی لیجنڈ آف مولا جٹ” جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے باعث انہیں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔
ماہرہ خان نے بالی ووڈ میں بھی شاہ رخ خان کے ساتھ فلم “رئیس” میں کام کیا، جو 2017 کی کامیاب بھارتی فلموں میں شامل رہی۔
دوسری جانب رض احمد نے اپنے کیریئر کا آغاز برطانوی انڈیپنڈنٹ فلموں سے کیا اور بعد میں “نائٹ کرالر”، “روج ون”، “وینم” اور “ساؤنڈ آف میٹل” جیسی عالمی شہرت یافتہ فلموں میں اپنی اداکاری سے منفرد مقام بنایا۔
ایچ بی او کی منی سیریز “دی نائٹ آف” میں شاندار اداکاری پر انہیں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، جبکہ “ساؤنڈ آف میٹل” کے لیے آسکر نامزدگی بھی حاصل ہوئی۔
فی الحال ماہرہ خان اور رض احمد کے درمیان کسی مشترکہ پروجیکٹ کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم دونوں فنکاروں کے حالیہ بیانات نے مداحوں میں مستقبل میں ایک بڑی بین الاقوامی کولیبریشن کی امید ضرور پیدا کر دی ہے۔
……